حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اسلام آباد کنٹینروں سے بھر گیا، احتجاج کا حق بھی نہیں دیا جا رہا: مولانا فضل الرحمان Home / سیاست /

اسلام آباد کنٹینروں سے بھر گیا، احتجاج کا حق بھی نہیں دیا جا رہا: مولانا فضل الرحمان

ایڈیٹر - 22/09/2026
اسلام آباد کنٹینروں سے بھر گیا، احتجاج کا حق بھی نہیں دیا جا رہا: مولانا فضل الرحمان

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کو کنٹینروں سے بند کردیا گیا ہے اور شہریوں کو احتجاج کے بنیادی حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں اندرونی حالات، امن و امان، مہنگائی اور سیاسی صورتحال مسلسل توجہ طلب ہے، جس پر جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس میں تفصیلی غور کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور میں جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس عمومی کا 2 روزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی داخلی اور خارجی صورتحال، امن و امان کے مسائل، مہنگائی اور موجودہ سیاسی حالات کا جائزہ لیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان کے مطابق اجلاس میں ملک کو درپیش مختلف مسائل کے ساتھ ساتھ آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے اسلام آباد میں احتجاجی سرگرمیوں کے حوالے سے حکومت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو کنٹینروں سے بھر دیا گیا ہے اور احتجاج کرنے والوں کے لیے راستے محدود کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اور احتجاج جمہوری عمل کا حصہ ہیں، اس لیے سیاسی جماعتوں اور شہریوں کو اپنے مؤقف کے اظہار کا حق ملنا چاہیے۔