حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان سے رابطے کی تصدیق کردی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ عالمی ادارے نے موجودہ بحران کے تناظر میں پاکستانی حکام سے رابطہ کیا ہے۔
اسٹیفن دوجارک نے جون میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق پاکستان کے علاوہ دیگر علاقائی ممالک نے بھی اس وقت مذاکراتی عمل میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔
اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز خطے میں جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں اہم پیش رفت کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا کہ تنازع کے حل کے لیے جنگ کے بجائے سفارت کاری اور براہ راست بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے۔
اقوام متحدہ اس سے قبل بھی امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کی حمایت کرچکا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق موجودہ بحران کا دیرپا حل صرف بامعنی مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ہی تلاش کیا جاسکتا ہے۔