حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی کو اسلام آباد آکر یہاں کا امن خراب کرنے نہیں دیں گے، عطا تارڑ کا سخت انتباہ Home / سیاست /

پی ٹی آئی کو اسلام آباد آکر یہاں کا امن خراب کرنے نہیں دیں گے، عطا تارڑ کا سخت انتباہ

ایڈیٹر - 22/09/2026
پی ٹی آئی کو اسلام آباد آکر  یہاں کا امن خراب کرنے نہیں دیں گے، عطا تارڑ کا سخت انتباہ

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کے حوالے سے حکومت کا سخت مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صورت اسلام آباد میں امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت تحریک انصاف کو اسلام آباد پہنچ کر امن و امان کی صورتحال متاثر کرنے سے روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ماضی میں ہونے والے احتجاجوں کو دیکھتے ہوئے حکومت کو ان کے پرامن رہنے کے دعووں پر اعتماد نہیں ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت پر زور دیا کہ وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے محتاط رویہ اختیار کرے، بصورت دیگر حکومت کارروائی کرے گی۔

عطا تارڑ نے عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری سے متعلق بھی مؤقف اختیار کیا کہ انہیں مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا، کیونکہ حکام کو خدشہ تھا کہ وہ امن و امان کی صورتحال خراب کرسکتی ہیں۔

تحریک انصاف سے مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ پارٹی میں فیصلہ سازی کا اختیار آخر کس کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر کی بات بھی پارٹی میں نہیں سنی جاتی، جبکہ مذاکرات کی بات کرنے والے دیگر رہنماؤں کے پاس فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایسے افراد سے مذاکرات کا کوئی جواز یا فائدہ نظر نہیں آتا اور حکومت تحریک انصاف کی قیادت کے وعدوں پر بھی اعتماد نہیں کرتی۔