حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ایشین گیمز 2026 میں پاکستان نے بالآخر میڈل کا کھاتہ کھول لیا، مکسڈ مارشل آرٹس کے سیمی فائنل میں کراچی سے تعلق رکھنے والے عاصم خان کی شکست کے باوجود پاکستان کو کانسی کا تمغہ مل گیا۔
مکسڈ مارشل آرٹس کے مقررہ قواعد کے تحت سیمی فائنل میں ناکامی کے بعد عاصم خان نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ان کے اعزاز میں میڈل تقریب کل منعقد ہوگی۔
ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کے ٹیم لیڈر دلاور خان نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عاصم خان نے پاکستان کے لیے میڈلز کا دروازہ کھول دیا ہے اور امید ہے کہ دیگر کھیلوں میں بھی قومی ایتھلیٹس مزید تمغے حاصل کریں گے۔
دلاور خان کے مطابق عاصم خان کا یہ ایشین گیمز میں پہلا میڈل ہے، تاہم وہ اس سے قبل ورلڈ برانز میڈل اور ایشین سلور میڈل بھی جیت چکے ہیں۔ عاصم خان بدھ کو کراچی واپس پہنچیں گے۔
دوسری جانب ایشین گیمز کے مختلف مقابلوں میں پاکستان کے دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
50 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں پاکستانی تیراک حمزہ آصف نے اپنی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، تاہم مجموعی نتائج میں وہ 30ویں نمبر پر رہے۔
ٹرائی تھلون کے مکسڈ فائنل میں بھی پاکستانی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ثنا عارف، عنیشہ اور مستغیث نور نے 300 میٹر سوئمنگ، 7 کلومیٹر سائیکلنگ اور 2 کلومیٹر دوڑ کا مرحلہ مکمل کیا، تاہم علی حسن مقررہ وقت میں مقابلہ مکمل نہ کرسکے، جس کے باعث پاکستانی ٹیم کا مجموعی نتیجہ این ڈی ایف قرار دیا گیا۔
کوچ عبدالغفار گجر نے ایتھلیٹس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق کوشش کی، جبکہ مجموعی رینکنگ میں پاکستان 14ویں نمبر پر رہا۔
سوفٹ ٹینس کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں بھی پاکستان کو کامیابی نہ مل سکی اور قومی ٹیم کو چائنیز تائی پے، کوریا اور فلپائن کے ہاتھوں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹیبل ٹینس کے ویمنز ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستان کو گروپ مرحلے کے میچ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست ہوگئی۔
یوں ایشین گیمز کے مختلف مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی ملی جلی رہی، تاہم عاصم خان کے کانسی کے تمغے نے قومی دستے کے میڈل اکاؤنٹ کا آغاز کردیا ہے۔