حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): انگلینڈ کے دورے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اہم فیصلہ کرلیا، انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انگلینڈ میں ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔
ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے بعد محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے مدعو کیا، ان سے انفرادی طور پر گفتگو کی اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کرکٹرز کو مزید محنت اور بہتر کارکردگی کے لیے متحرک کریں گے، جبکہ اچھی کارکردگی کا باقاعدہ صلہ ملنے سے ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ 2 برس کے دوران منعقد کیے گئے انڈر 19 ترقیاتی کیمپوں سے کھلاڑیوں کو بھرپور فائدہ ہوا اور ان کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ ان کے مطابق چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کا حصول نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
نوجوان کرکٹر عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے کھلاڑیوں کے اعتماد اور حوصلے میں اضافہ ہوگا، جس کے بعد وہ اپنی کرکٹ پر مزید توجہ مرکوز کرسکیں گے۔
جہانگیر بلال کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مالی استحکام کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں اور وہ اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت بہتر انداز میں کر سکیں گے۔
رضوان اللّٰہ نے چیئرمین پی سی بی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کرکٹرز کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 میچوں کی سیریز 3-1 سے اپنے نام کی۔ آخری میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 200 رنز سے شکست دی تھی۔