حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی نظر بندی کے ایک روز بعد ان کی دو مزید بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی حراست میں لے کر 30 روز کے لیے نظر بند کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو لاہور انتظامیہ کے احکامات پر تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا، جس کے بعد دونوں کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا۔
دونوں بہنوں کی نظر بندی کے احکامات ڈپٹی کمشنر لاہور نے پولیس کی سفارش پر جاری کیے۔ رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر نظر بندی کی سفارش کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج اور اسلام آباد مارچ سے قبل لاہور میں جاری گرفتاریوں اور انتظامی اقدامات کے دوران سامنے آئی ہے۔
اس سے قبل 20 ستمبر کو پولیس نے عمران خان کی بہن علیمہ خان کو بھی لاہور سے حراست میں لے کر تھری ایم پی او کے تحت 30 روز کے لیے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا تھا۔
یوں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والی عمران خان کی تین بہنوں، علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان، کی نظر بندی کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔