حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری، سہیل آفریدی رات گئے لاہور پہنچ گئے؛ وزیراعلیٰ کا بڑا بیان Home / سیاست /

عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری، سہیل آفریدی رات گئے لاہور پہنچ گئے؛ وزیراعلیٰ کا بڑا بیان

ایڈیٹر - 21/09/2026
عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری، سہیل آفریدی رات گئے لاہور پہنچ گئے؛ وزیراعلیٰ کا بڑا بیان

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کی اطلاعات کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی رات گئے لاہور پہنچ گئے، جہاں انہوں نے مبینہ گرفتاریوں کے معاملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

موٹروے پر لاہور کے قریب جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد انہوں نے خود لاہور جانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ نورین نیازی کو لینے لاہور روانہ ہوئے ہیں اور ان کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے خاندان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

علیمہ خان کی گرفتاری اور گھروں پر چھاپوں کا دعویٰ

سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان کو پہلے ہی حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ ان کے گھر پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ بعض افراد سادہ لباس میں مبینہ طور پر سیاسی سرگرمیوں میں مداخلت کر رہے ہیں، بینرز اتارے جا رہے ہیں اور کنونشن میں داخل ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے گھروں میں کارروائیوں کے ذریعے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو متاثر کیا جا رہا ہے۔ سہیل آفریدی نے مزید الزام عائد کیا کہ سادہ لباس میں موجود افراد نے ایک صوبائی وزیر کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔

’’پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘‘

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنے ویڈیو پیغام میں حکام سے آئین اور قانون کے مطابق کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک کو تقسیم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ اس روز ملک بھر سے لوگ سڑکوں پر نکلیں گے۔

نورین نیازی اور عظمیٰ خان بھی گرفتار

دوسری جانب پولیس کے مطابق رات گئے عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اس سے قبل علیمہ خان کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

عمران خان کی تینوں بہنوں کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان سیاسی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل لاہور سمیت مختلف شہروں میں سکیورٹی اور سیاسی سرگرمیوں پر حکام کی توجہ مزید مرکوز ہوگئی ہے۔