حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): اولمپک کونسل آف ایشیا کے صدر شیخ جون بن حماد آل ثانی نے کہا ہے کہ کھیلوں کو سیاسی تنازعات اور سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے، ان کا یہ بیان ایشین گیمز کے دوران تائیوان کے ایک حکومتی نمائندے کو پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت سے روکنے کے معاملے کے بعد سامنے آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تائیوان کے وزیر کھیل اور سابق اولمپک بیڈمنٹن چیمپئن لی یانگ کو جمعے کے روز پرچم کشائی کی تقریب میں ابتدائی طور پر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، جس پر تائیوانی وفد نے احتجاجاً تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
بعد ازاں لی یانگ کو تقریب میں شرکت کی اجازت دے دی گئی، تاہم اس دوران پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث پرچم کشائی کی تقریب مقررہ وقت سے ایک گھنٹے سے زائد تاخیر سے شروع ہوئی۔
شیخ جون بن حماد آل ثانی نے کہا کہ کھیلوں کی اصل توجہ کھلاڑی ہونے چاہئیں اور تمام ایتھلیٹس کو بلاامتیاز مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہونی چاہیے۔
اولمپک کونسل آف ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل حسین المسلم نے بھی معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پرچم کشائی کی تقریب کھیلوں میں شریک افراد کے لیے منعقد کی گئی تھی، اس کا مقصد حکومتی وفود کی میزبانی کرنا نہیں تھا۔
موجودہ ایشین گیمز میں ریکارڈ 43 کھیلوں کے مقابلے شامل کیے گئے ہیں، جبکہ مختلف کھیلوں میں مجموعی طور پر 469 میڈل ایونٹس رکھے گئے ہیں۔
دوسری جانب کھیلوں کے انعقاد کے دوران منتظمین کو رہائش اور ٹرانسپورٹ سمیت بعض انتظامی مسائل کا بھی سامنا ہے، تاہم مقابلے شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔