حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پریس کلب کسی کے ذاتی یا خاندانی تنازعات کا اکھاڑا نہیں، صحافت عوام کی آواز ہے۔صحافی برادری، باجوڑ پریس کلب Home / باجوڑ /

پریس کلب کسی کے ذاتی یا خاندانی تنازعات کا اکھاڑا نہیں، صحافت عوام کی آواز ہے۔صحافی برادری، باجوڑ پریس کلب

ایڈیٹر - 19/09/2026
 پریس کلب کسی کے ذاتی یا خاندانی تنازعات کا اکھاڑا نہیں، صحافت عوام کی آواز ہے۔صحافی برادری، باجوڑ پریس کلب

وضاحتی بیان
صحافی برادری، باجوڑ پریس کلب
پریس کلب کسی کے ذاتی یا خاندانی تنازعات کا اکھاڑا نہیں، صحافت عوام کی آواز ہے۔
باجوڑ پریس کلب واضح کرتا ہے کہ کسی فرد یا خاندان کو اپنے ذاتی و خاندانی تنازعات کے حل یا ایک دوسرے کی تضحیک و تذلیل کے لیے پریس کلب استعمال کرنے کی ترغیب نہیں دی جاتی۔ میاں گان قوم باجوڑ کی ایک معزز قوم ہے، اس لیے ہماری مخلصانہ خواہش ہے کہ باہمی معاملات قومی روایات، احترام اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیے جائیں۔
صحافت کا بنیادی اصول غیر جانب داری، حقائق اور ذمہ داری ہے۔ کسی صحافی کو کسی فرد کی تضحیک، تذلیل، کردار کشی یا ذاتی عناد کی بنیاد پر مہم چلانے کا حق نہیں۔ اگر کوئی فریق پریس کلب آکر باقاعدہ پریس کانفرنس کرتا ہے تو صحافی کا کردار صرف اس کا مؤقف ذمہ دارانہ اور غیر جانب دارانہ انداز میں عوام تک پہنچانا ہے، نہ کہ کسی فریق کی حمایت یا مخالفت کرنا۔
اسی طرح اگر کوئی صحافی ذاتی عناد، اختلاف یا کسی ذاتی مفاد کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر کسی فرد کے خلاف کوئی ٹرینڈ، مہم یا مواد چلاتا ہے تو اسے اس صحافی کی ذاتی سرگرمی تصور کیا جائے گا، اسے کسی صورت باجوڑ پریس کلب یا مجموعی صحافی برادری کی نمائندگی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
صحافی کسی فرد، خاندان، سیاسی جماعت یا سرکاری ادارے کا ذاتی نمائندہ نہیں۔ اس کا بنیادی کردار عوامی مفاد کے مسائل کو غیر جانب داری اور ذمہ داری کے ساتھ اجاگر کرکے متعلقہ فورمز تک پہنچانا ہے۔ صحافی جرگہ، عدالت یا مصالحتی کمیٹی کا متبادل نہیں۔
ایم این اے مبارک زیب خان ایک منتخب رکنِ پارلیمنٹ اور اہم سیاسی شخصیت ہیں، تاہم ان کے یا کسی بھی خاندان کے ذاتی معاملات میں صلح کرانا صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داری نہیں۔ ایسے معاملات کے حل کے لیے قومی مشران، سیاسی قیادت، جرگہ، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ فورمز موجود ہیں۔
یہ بھی واضح ہے کہ باجوڑ پریس کلب کسی فرد کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ صحافتی سرگرمیوں اور عوامی مسائل کے اظہار کا پلیٹ فارم ہے۔ پریس کانفرنسز اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کلب کے انتظامی اخراجات، مرمت اور بنیادی ضروریات پر صرف ہوتی ہے۔ کسی فرد یا گروہ کی جانب سے صحافیوں یا پریس کلب پر ذاتی دباؤ ڈالنا مناسب نہیں۔
اسی طرح سوشل میڈیا پر کسی فرد یا سوشل ایکٹوسٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان، خبر یا تبصرے کو بلاجواز باجوڑ پریس کلب یا پوری صحافی برادری سے منسوب کرنا درست نہیں۔ سوشل میڈیا سرگرمی اور پیشہ ورانہ صحافت میں واضح فرق ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔
باجوڑ کے صحافی مشکل اور حساس حالات میں طویل عرصے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور متعدد صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ بھی پیش کر چکے ہیں۔ اختلافِ رائے ہر شخص کا حق ہے، تاہم صحافیوں اور شہریوں کے درمیان اختلاف کو شائستگی، دلیل اور باہمی احترام کے دائرے میں رہنا چاہیے۔
ہم میاں گان برادران سمیت تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ قومی مشران، سیاسی قائدین اور معتبر شخصیات کے ذریعے اپنے باہمی اختلافات کا باعزت، پرامن اور پائیدار حل تلاش کریں۔
باجوڑ کے صحافی عوامی مفاد، غیر جانب داری، ذمہ دارانہ صحافت اور علاقے کے امن و اتحاد کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی ادا کرتے رہیں گے۔
جاری کردہ:
صحافی برادری، باجوڑ پریس کلب