حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امریکا نے یوکرین کے فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے 2.68 ارب ڈالر مالیت کے ممکنہ فوجی پیکیج کی منظوری دے دی ہے، تاہم اس معاہدے کی حتمی تکمیل ابھی باقی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یوکرین کو جدید دفاعی سازوسامان فراہم کرنے کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی گئی ہے، جس کا مقصد ملک کے فضائی دفاعی نظام کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
مجوزہ پیکیج میں ایس-300 طرز کے میزائل، جی اے ایم-67 میزائل، جی اے ایم-67 فاصلے کے فضائی دفاعی نظام، موبائل لانچرز اور ان کی ترمیمی کٹس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ڈرونز کے خلاف استعمال ہونے والے ریڈارز کے اسپیئر پارٹس، متعلقہ سافٹ ویئر اور تکنیکی و لاجسٹک معاونت بھی پیکیج کا حصہ ہوگی۔
امریکی حکام کے مطابق اگر مجوزہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کرلیتا ہے تو اس کے اخراجات یورپی ممالک کی مالی شراکت اور سابق امریکی انتظامیہ کی جانب سے مختص کیے گئے فنڈز سے پورے کیے جائیں گے۔
تاہم فوجی سازوسامان کی اس ممکنہ فروخت کو ابھی امریکی کانگریس کے جائزے کے مرحلے سے گزرنا ہے، جس کے بعد معاہدے کی حتمی تکمیل ممکن ہوگی۔