حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی کا 27 ستمبر اسلام آباد مارچ، خیبر پختونخوا میں 12 مقامات پر دھرنوں کا منصوبہ سامنے آگیا Home / سیاست /

پی ٹی آئی کا 27 ستمبر اسلام آباد مارچ، خیبر پختونخوا میں 12 مقامات پر دھرنوں کا منصوبہ سامنے آگیا

ایڈیٹر - 19/09/2026
پی ٹی آئی کا 27 ستمبر اسلام آباد مارچ، خیبر پختونخوا میں 12 مقامات پر دھرنوں کا منصوبہ سامنے آگیا

پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے لیے خیبر پختونخوا میں مرحلہ وار احتجاجی حکمت عملی تیار کرلی ہے، جس کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں 12 مقامات پر دھرنے اور کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مارچ کے دوران خیبر پختونخوا کی حدود میں موٹروے اور جی ٹی روڈ کے مختلف مقامات کو بند کرنے کی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ پشاور، خیبر، نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک سے اٹک پل کی جانب احتجاجی سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ ملاکنڈ، صوابی، مردان اور چارسدہ میں موٹروے پر دھرنے دیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی اضلاع کے لیے خوشحال گڑھ کے مقام کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ پارٹی تنظیموں کو احتجاجی کیمپوں اور دھرنوں کے مقامات سے متعلق تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں۔

ہری پور میں حطار، خانپور، جھاری کس اور مکھنیال جبکہ ہزارہ موٹروے پر کیمپ قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ایبٹ آباد میں باریان اور کوہالہ، صوابی میں ٹوپی جبکہ ایم این موٹروے پر بھی احتجاجی کیمپ کے لیے مقام مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح نوشہرہ میں خیرآباد کنڈ کے مقام پر اٹک پل، لکی مروت میں کنڈل اور کوہاٹ میں خوشحال گڑھ کے مقامات پر کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو کیمپوں میں موجود رہنے، انتظامات کی نگرانی اور کارکنوں کی سہولت کے لیے کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ضلع کی تنظیم احتجاجی کیمپوں میں شریک کارکنوں کے لیے خوراک، پینے کے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کرے گی۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ مختلف مقامات پر کیمپ قائم کرنے کا مقصد کارکنوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ منصوبے کے تحت مارچ کے راستے میں جہاں بھی رکاوٹ ڈالی جائے گی، وہیں دھرنا دینے کی حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

حتمی حکمت عملی اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کل پشاور میں اجلاس طلب کرلیا ہے، جبکہ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خود پشاور سے اسلام آباد مارچ کی قیادت کریں گے۔