حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی احتجاج کی خواہش نہیں رکھتی، حکومت اگر آج ہی پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کردے تو 20 ستمبر سے شروع ہونے والا لانگ مارچ منسوخ کردیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا میں مختلف جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کے سامنے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تجاویز رکھی گئیں، تاہم حکمران ان مطالبات کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کا لانگ مارچ 20 ستمبر سے شروع ہوگا اور 23 یا 24 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا، جبکہ وہ خود کراچی سے ٹرین مارچ کے ذریعے قافلے میں شامل ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ اگر مارچ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو جماعت اسلامی ان رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اپنا آئینی و سیاسی حق استعمال کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف حکومتیں یا سیاسی جماعتیں تبدیل ہونے سے عوام کے حالات نہیں بدلتے۔ ان کے بقول جن جماعتوں میں مفاداتی عناصر کا اثر و رسوخ ہو، وہ عوامی مسائل کے خلاف مؤثر آواز کیسے اٹھا سکتی ہیں۔
انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کو بھی صوبے کے بنیادی مسائل پر توجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نہ معیشت کی صورتحال بہتر ہورہی ہے اور نہ ہی امن و امان کے مسائل حل ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خلاف 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔