حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے اور پولیس حکام سے اس کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ اسپتالوں میں زخمیوں کے علاج کے لیے ضروری انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں، جبکہ جن مریضوں کو زیادہ بہتر یا خصوصی طبی نگہداشت کی ضرورت ہو، انہیں بلا تاخیر دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے پولیس حکام سے دھماکے سے متعلق جامع رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور حقائق پر مبنی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے، ایسی کارروائیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔
محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں، متعلقہ ادارے امدادی، طبی اور سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بناتے ہوئے واقعے کی مکمل چھان بین یقینی بنائیں۔