حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی شرکت کے معاملے پر نیا تنازع سامنے آگیا، ہاکی انڈیا نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
ہاکی انڈیا کے سیکرٹری بھولا ناتھ سنگھ نے واضح کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے مقررہ مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور اگر پاکستان ایونٹ میں شرکت کرنا چاہتا ہے تو اسے بھارت آنا ہوگا۔
بھولا ناتھ سنگھ کے مطابق بنگلا دیش اور عمان کو ریزرو ٹیموں میں شامل رکھا گیا ہے، اس لیے اگر پاکستان ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوتا ہے تو اس کی جگہ متبادل ٹیم کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک موہالی اور جالندھر میں کھیلی جانی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر ٹورنامنٹ یا کم از کم پاکستان کے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں قومی ٹیم کو بھارت بھیجنا ممکن نہیں، جس کے باعث ٹورنامنٹ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے صورتحال تاحال غیر یقینی ہے۔