حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے حوثیوں کے ساتھ براہِ راست رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جانب سے خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس نے تصدیق کی کہ امریکی حکام اور حوثیوں کے درمیان براہِ راست رابطہ ہوا ہے، جس میں 2025 کی جنگ بندی برقرار رکھنے سے متعلق بھی بات کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق حوثیوں نے امریکی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ بحیرۂ احمر میں موجود امریکی بحری جہاز ان کے لیے ہدف نہیں ہیں، تاہم سعودی عرب سے منسلک بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی برقرار رکھنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے یمن میں حوثیوں کی پیش قدمی پر تشویش کا اظہار کیا، تاہم سعودی عرب کو اس معاملے میں براہِ راست فوجی معاونت فراہم نہیں کی۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت نے مارچ 2025 میں حوثیوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا، جس کے بعد واشنگٹن اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تھا۔