حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا نیا پلان سامنے آگیا، قافلے پہلے کہاں جائیں گے؟ Home / سیاست /

پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا نیا پلان سامنے آگیا، قافلے پہلے کہاں جائیں گے؟

ایڈیٹر - 16/09/2026
پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا نیا پلان سامنے آگیا، قافلے پہلے کہاں جائیں گے؟

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب اعلان کردہ لانگ مارچ کے روٹ اور حکمت عملی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صوبے سے روانہ ہونے والے قافلے ابتدائی طور پر براہ راست وفاقی دارالحکومت جانے کے بجائے موٹر وے کے ذریعے صوابی تک پہنچیں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ 27 ستمبر کو خیبرپختونخوا سے نکلنے والے قافلے پہلے صوابی پہنچیں گے، جہاں سے آئندہ کا لائحہ عمل راستے کی صورتحال اور دیگر حالات کو دیکھتے ہوئے طے کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر موٹر وے پر صورتحال سازگار اور راستہ کلیئر ہوا تو قافلوں کو صوابی سے ہری پور کی جانب روانہ کیا جائے گا، تاہم اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کے حوالے سے حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق 28 ستمبر کو حالات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد قافلوں کو اسلام آباد کی جانب آگے بڑھانے یا سفر روکنے سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔

اجلاس میں پنجاب کی پارٹی قیادت سے بھی لانگ مارچ کی سرگرمیوں اور پیش رفت پر نظر رکھنے کی درخواست کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک بعض پارلیمنٹیرینز نے رائے دی کہ اگر پنجاب سے بھی پارٹی رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں مارچ میں شریک ہوئے تو تحریک کو مزید وسعت مل سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ تجویز بھی زیرغور آئی کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت سے متعلق مطالبہ تسلیم کرلیا جاتا ہے تو لانگ مارچ ختم کرنے پر غور کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں لاہور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی مبینہ گرفتاری کے واقعے پر بھی گفتگو ہوئی، جسے بعض پارلیمنٹیرینز نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’’بچگانہ حرکت‘‘ قرار دیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پہلے ہی 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اور پارٹی قیادت کی جانب سے اس تاریخ کو برقرار رکھنے کے بیانات بھی سامنے آچکے ہیں۔ تاہم صوابی، ہری پور اور 28 ستمبر کو آئندہ مرحلے کے فیصلے سے متعلق نئی تفصیلات پارٹی ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہیں۔