حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پرتگال کے معروف فٹ بال کلب ایف سی پورٹو نے سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کرلیا ہے۔
معاہدے کے تحت سیالکوٹ میں ’’ڈریگن فورس بائی ایف سی پورٹو‘‘ کے نام سے جدید فٹ بال اکیڈمی قائم کی جائے گی، جہاں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی۔
اکیڈمی کو فیفا ورلڈ کپ کے آفیشل فٹ بالز تیار کرنے والے ادارے فارورڈ اسپورٹس کی سرپرستی حاصل ہوگی، جبکہ ایف سی پورٹو اپنے یورپی تربیتی نظام، تکنیک اور تجربے کو پاکستان میں متعارف کرائے گا۔
اس منصوبے کا مقصد پاکستان کے نوجوان فٹ بال کھلاڑیوں کو عالمی سطح کی تربیت اور بہتر مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں کے لیے خود کو تیار کرسکیں۔
ذرائع کے مطابق سیالکوٹ میں نئی اکیڈمی کے قیام کے بعد ایف سی پورٹو کے عالمی تربیتی نیٹ ورک سے وابستہ نوجوان کھلاڑیوں کی مجموعی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرجائے گی۔
فٹ بال اکیڈمی کے قیام کو پاکستان اور پرتگال کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، جس سے پاکستانی نوجوانوں کے لیے عالمی فٹ بال کے تربیتی نظام تک رسائی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔