حسبان میڈیا(ویب دیسک): سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور خطے میں استحکام کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد منگل کو سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچے، جہاں مصری قیادت نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش سلامتی کے چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔
ملاقات کے بعد جاری بیانات کے مطابق سعودی عرب اور مصر نے بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت کی آزادی، تحفظ اور تسلسل یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بحیرہ احمر میں محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری نقل و حرکت کے حوالے سے سعودی مؤقف کی حمایت بھی کی۔
مصری ایوانِ صدر کے مطابق سعودی عرب اور مصر کے تعلقات عرب دنیا کے وسیع تر فریم ورک میں ایک اہم مثال کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی سلامتی کو مصر کی قومی سلامتی کا اہم حصہ قرار دیا گیا ہے۔
ملاقات میں یمن کی صورتحال بھی زیر بحث آئی اور فریقین نے تنازع کے پائیدار سیاسی حل کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی ولی عہد کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ جاری ہے اور سعودی عرب نے حوثیوں کی جانب سے حالیہ حملوں کے جواب میں سخت اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔ ایسے میں قاہرہ اور ریاض کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے کو علاقائی سلامتی اور بحیرہ احمر میں بحری راستوں کے تحفظ کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔