حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
محمد رضوان کا این سی سی آئی اے کو دوٹوک جواب، ’’مجھے کیوں بلایا گیا؟‘‘ تحقیقات پر اہم سوالات اٹھا دیے Home / کھیل /

محمد رضوان کا این سی سی آئی اے کو دوٹوک جواب، ’’مجھے کیوں بلایا گیا؟‘‘ تحقیقات پر اہم سوالات اٹھا دیے

ایڈیٹر - 15/09/2026
محمد رضوان کا این سی سی آئی اے کو دوٹوک جواب، ’’مجھے کیوں بلایا گیا؟‘‘ تحقیقات پر اہم سوالات اٹھا دیے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بذریعہ کورئیر اپنا جواب بھجوا دیا، جس میں انہوں نے اپنے خلاف جاری تحقیقات کی نوعیت اور طلب کیے جانے کی وجوہات سے متعلق وضاحت طلب کی ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے این سی سی آئی اے سے استفسار کیا ہے کہ انہیں تحقیقات کے لیے کس معاملے میں طلب کیا گیا اور ان کے خلاف کیا کارروائی کی جا رہی ہے۔ قومی کرکٹر نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ان کا موبائل فون تاحال این سی سی آئی اے کی تحویل میں کیوں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں واضح طور پر بتایا جائے کہ تحقیقات کا دائرہ کار کیا ہے اور ان کے خلاف کس معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔

محمد رضوان کے خلاف این سی سی آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں اور ذرائع کے مطابق انہیں دوسرے ٹیسٹ کے بعد پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔ تحقیقات آگے بڑھنے کی صورت میں قومی کرکٹر سے مزید وضاحت یا پوچھ گچھ بھی کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب محمد رضوان اور قومی اوپنر امام الحق سے متعلق ڈریسنگ روم لیکس کا معاملہ بھی این سی سی آئی اے میں زیرِ تفتیش ہے۔ گزشتہ ہفتے دونوں کھلاڑیوں کو تحقیقات کے سلسلے میں این سی سی آئی اے لاہور کے دفتر طلب کیا گیا تھا، تاہم دونوں نے اپنا جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی تھی۔

ادھر امام الحق کی مشکوک انجری سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں انجری اور ڈسپلن سے متعلق معاملے پر ٹیسٹ اوپنر کے خلاف پابندی عائد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ امام الحق رواں ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنا مؤقف پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور امام الحق کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کے لیے بھی نااہل قرار دیا ہے۔