حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
بابر اعظم کا ٹیسٹ کرکٹ میں فارم بحال کرنے کا منصوبہ، 7 سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں واپسی Home / کھیل /

بابر اعظم کا ٹیسٹ کرکٹ میں فارم بحال کرنے کا منصوبہ، 7 سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں واپسی

ایڈیٹر - 15/09/2026
بابر اعظم کا ٹیسٹ کرکٹ میں فارم بحال کرنے کا منصوبہ، 7 سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میں واپسی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے کے بعد طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنی فارم اور ردھم بحال کرنے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا۔

ذرائع کے مطابق بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی نمائندگی بطور گیسٹ پلیئر کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع دینے کی درخواست کی تھی تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے درکار ردھم برقرار رکھا جا سکے۔ اس درخواست پر کرکٹ بورڈ نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ انتظامات کیے، جس کے بعد قومی کپتان ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں حالیہ کارکردگی بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ دسمبر 2022 کے بعد وہ طویل فارمیٹ میں سنچری اسکور نہیں کر سکے، جبکہ 2023 سے اب تک 39 اننگز میں ان کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی ہے۔ اس عرصے کے دوران وہ صرف 8 نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم کی آخری سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں بنائی گئی تھی، جہاں انہوں نے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

سابق کرکٹرز بھی بابر اعظم کی موجودہ تکنیک، بالخصوص تیز اور شارٹ گیندوں کے خلاف ان کی مشکلات پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔ ایسے میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کو ٹیسٹ فارمیٹ میں دوبارہ فارم حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

بابر اعظم تقریباً 7 سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا، جب وہ سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے قائداعظم ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے لیے بابر اعظم کی شمولیت کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں بطور گیسٹ پلیئر ایم آئی ٹی ایس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔