حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران متوقع بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 17 ستمبر 2026 تک ہونے والی ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے نشیبی اور حساس علاقوں کو خطرات لاحق ہیں۔
گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، اشکومن، گپس یاسین، نگر، ہنزہ، شمشال، اسکردو اور شگر کے علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں اپر دیر، سوات، باجوڑ، ملاکنڈ، کرم، کوہستان، مہمند اور اورکزئی کے مختلف علاقوں کو بھی ممکنہ سیلاب کے حوالے سے حساس قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے ژوب، شیرانی اور موسیٰ خیل جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ سمیت متعدد علاقوں میں بھی شہری سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو بروقت اقدامات اور ہنگامی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ اتھارٹی کا نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر ممکنہ خطرات کا مسلسل جائزہ لے کر متعلقہ اداروں اور عوام کو بروقت آگاہ کرنے کے اقدامات کررہا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، پلوں اور نشیبی راستوں سے گزرنے سے اجتناب کریں۔ عوام کو موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق مستند معلومات حاصل کرنے کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے استفادہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق کسی بھی ہنگامی سیلابی صورتحال میں فوری امداد کے لیے 911 ہیلپ لائن سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔