حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے لیے اہم پیغام ہے، دفاعی تعاون کے دائرہ کار میں مزید توسیع کا امکان, رجب طیب اردوان Home / بین الاقوامی /

مکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے لیے اہم پیغام ہے، دفاعی تعاون کے دائرہ کار میں مزید توسیع کا امکان, رجب طیب اردوان

ایڈیٹر - 15/09/2026
مکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے لیے اہم پیغام ہے، دفاعی تعاون کے دائرہ کار میں مزید توسیع کا امکان, رجب طیب اردوان

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کے لیے ایک اہم پیغام ہے، جس کے مثبت اثرات آنے والے دنوں میں نمایاں ہوں گے۔

ترک صدر نے صوبہ سامسون میں نوجوانوں کے لیے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے باہمی تعاون کے ذریعے ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور اس سلسلے میں پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے۔

رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجز اور مشکلات پر قابو پانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری بحرانوں کے خاتمے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی اور عملی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

ترک صدر نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ وہاں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق صورتحال صرف آبنائے ہرمز تک محدود نہیں بلکہ خلیج کے مختلف حصوں میں بھی سنگین مسائل پیدا ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کرنے اور اجتماعی دفاع کے اصول پر اتفاق کیا گیا ہے۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اس دفاعی معاہدے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، تاہم ترکیہ کا مؤقف ہے کہ یہ اتحاد کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں بلکہ علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

معاہدے میں مستقبل میں دیگر دوست ممالک کو بھی اتحاد میں شامل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے، جس سے اس دفاعی تعاون کے دائرہ کار میں مزید توسیع کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔