حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
یمن کے حوثیوں کا سعودی عرب کے 3 شہر میزائل اور ڈرون حملوں کی زد میں، 13 شہری زخمی، گھروں اور گاڑیوں کو نقصان Home / بین الاقوامی /

یمن کے حوثیوں کا سعودی عرب کے 3 شہر میزائل اور ڈرون حملوں کی زد میں، 13 شہری زخمی، گھروں اور گاڑیوں کو نقصان

ایڈیٹر - 15/09/2026
یمن کے حوثیوں کا سعودی عرب کے 3 شہر میزائل اور ڈرون حملوں کی زد میں، 13 شہری زخمی، گھروں اور گاڑیوں کو نقصان

دبئی: یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے 3 شہروں خمیس مشیط، ابہا اور طائف پر میزائل اور ڈرون حملوں میں 13 شہری زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد رہائشی مکانات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

خلیجی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کی آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کے شہری علاقوں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔

ترکی المالکی کے مطابق حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 13 افراد کو معمولی سے درمیانے درجے کے زخم آئے، جبکہ حملوں کے دوران 7 رہائشی مکانات اور 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ شہری آبادیوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا حوثیوں کی جانب سے شہری علاقوں کے خلاف مسلسل کارروائیوں کا حصہ ہے، جس سے عام شہریوں کی زندگیوں اور املاک کو خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سعودی اتحاد ملک کی خودمختاری، شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے حوثیوں کے حملوں کا مؤثر اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ترکی المالکی کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کا فیصلہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں تسلیم کیے گئے حقِ دفاع اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی اتحاد مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام اور حوثیوں کی کارروائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری فوجی اقدامات اٹھائے گا۔

سعودی شہروں پر تازہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب یمن کے تنازع اور خطے میں جاری وسیع تر کشیدگی کے باعث بحیرہ احمر اور خلیجی خطے کی سکیورٹی صورتحال پہلے ہی انتہائی حساس ہے۔ حالیہ پیشرفت سے یمن اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔