حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیرستان کے علاقے شکئی میں دیرینہ زمینی تنازع پر 2 قبائل کے درمیان کشیدگی سنگین ہوگئی، دونوں جانب سے مسلح افراد نے مورچے سنبھال لیے اور مختلف ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق خوجالخیل اور سپرکئی قبائل کے سیکڑوں افراد آمنے سامنے آگئے ہیں اور دونوں فریق ایک دوسرے کے خلاف مختلف مقامات پر مورچہ بندی کرکے فائرنگ کر رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں تقریباً 500 افراد کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق شکئی میں مواصلاتی رابطے اور انٹرنیٹ سروسز کی عدم دستیابی کے باعث صورتحال سے متعلق معلومات کے حصول اور مقامی آبادی کو رابطوں میں مزید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل فائرنگ کے باوجود تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم دونوں قبائل کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔