حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
قشم کے قریب ایرانی تجارتی جہاز پر امریکی حملہ، پاکستانی شہریوں سمیت 4 افراد زخمی Home / بین الاقوامی /

قشم کے قریب ایرانی تجارتی جہاز پر امریکی حملہ، پاکستانی شہریوں سمیت 4 افراد زخمی

ایڈیٹر - 14/09/2026
قشم کے قریب ایرانی تجارتی جہاز پر امریکی حملہ، پاکستانی شہریوں سمیت 4 افراد زخمی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): جنوبی ایران میں قشم جزیرے کے قریب ایک ایرانی تجارتی کنٹینر جہاز کو امریکی بحریہ کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے، جن میں 2 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب تجارتی جہاز جبل علی سے بندر عباس کی جانب سفر کر رہا تھا۔ جہاز پر مجموعی طور پر 10 افراد سوار تھے، جن میں 5 ایرانی اور 5 پاکستانی شہری شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق کارروائی کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قشم کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل مسلسل خلیج فارس کے امن اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ زخمی ہونے والے افراد میں 2 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، جو مذکورہ تجارتی جہاز پر عملے کے ارکان کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

قشم کے اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک ایرانی عہدیدار نے زخمیوں کی عیادت کی جبکہ جاں بحق ہونے والے ایرانی شہری کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

ایرانی حکام نے واقعے کو تجارتی جہاز رانی کے خلاف ایک معاندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات سے خطے میں بحری آمدورفت اور سمندری راستوں کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔