حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
انگلینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کو ایک اور بڑا دھچکا، 11 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس بھی کٹ گئے Home / کھیل /

انگلینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کو ایک اور بڑا دھچکا، 11 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس بھی کٹ گئے

ایڈیٹر - 14/09/2026
انگلینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کو ایک اور بڑا دھچکا، 11 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس بھی کٹ گئے

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، جہاں سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر نہ صرف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 قیمتی پوائنٹس بھی پاکستان کے کھاتے سے نکال دیے گئے۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان ٹیم کو مقررہ وقت میں 11 اوورز کم کرانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا، جس پر ٹیم کے کھلاڑیوں پر مجموعی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

قوانین کے تحت سلو اوور ریٹ کی صورت میں ہر کم کرائے گئے اوور پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، تاہم پاکستانی ٹیم کے خلاف کارروائی میں اس خلاف ورزی کے نتیجے میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 پوائنٹس بھی منہا کیے گئے۔

پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف 5 پوائنٹس باقی رہ گئے ہیں، جس کے باعث قومی ٹیم چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے عائد کردہ سزا قبول کرلی، جس کے بعد معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

پاکستان کے خلاف چارج فیلڈ امپائرز پال ریفل اور کرس گیفنی، تیسرے امپائر الاؤالدین پالیکر اور چوتھے امپائر رسل وارن نے عائد کیا تھا۔

یوں انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستان کو نہ صرف میدان میں نقصان اٹھانا پڑا بلکہ سلو اوور ریٹ کی سزا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی پوزیشن بھی مزید کمزور کردی ہے۔