حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایشیا کپ ٹرافی پر ایک بار پھر تنازع، بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا Home / کھیل /

ایشیا کپ ٹرافی پر ایک بار پھر تنازع، بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا

ایڈیٹر - 14/09/2026
ایشیا کپ ٹرافی پر ایک بار پھر تنازع، بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے کے بھارتی فیصلے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، جس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ اگر محسن نقوی تقریب میں موجود ہوئے تو بھارتی ٹیم ان سے ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران بھارتی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کی جانب سے ایشیا کپ کی ٹرافی محسن نقوی سے وصول نہ کرنے کا معاملہ مسلسل تنازع کا باعث بنا ہوا ہے۔ 2025 میں سوریا کمار یادیو کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے بھی سیاسی کشیدگی کے پس منظر میں محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔

2025 کے ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھارتی ٹیم کو ٹرافی نہیں مل سکی تھی۔ محسن نقوی تقریب کے مقام سے ٹرافی اپنے ساتھ لے گئے تھے، جس کے بعد یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات میں ایک اہم تنازع بن گیا۔

اب ویمنز ایشیا کپ میں بھی ایسی ہی صورتحال دیکھنے میں آئی۔ ہرمن پریت کور کی قیادت میں بھارتی خواتین کی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دینے کے بعد ٹرافی وصول کرنے کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے حکام کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ محسن نقوی کی موجودگی میں بھارتی کھلاڑی ٹرافی وصول نہیں کریں گی۔ یہی وجہ تھی کہ اس مرتبہ ٹرافی کو تقریب کے اسٹیج پر بھی نہیں لایا گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے بتایا کہ بھارتی خواتین کی ٹیم ایشین کرکٹ کونسل کے ڈپٹی چیئرمین خالد الزرونی سے ٹرافی وصول کرنے پر آمادہ تھی، تاہم محسن نقوی نے یہ تجویز قبول نہیں کی۔ اس کے بعد بھارتی بورڈ نے تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

دیوجیت سائکیا کے مطابق بھارتی بورڈ نے وہی مؤقف برقرار رکھا جو تقریباً ڈیڑھ سال قبل مینز ایشیا کپ کے موقع پر اختیار کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو اب تک مینز ایشیا کپ کی ٹرافی بھی باضابطہ طور پر نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ نے تجویز دی تھی کہ ایشین کرکٹ کونسل کے ڈپٹی چیئرمین ٹرافی پیش کریں، تاہم یہ درخواست منظور نہیں ہوئی، جس کے بعد تقریب میں شرکت نہ کرنے کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں بچا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری نے اپنے مؤقف میں بھارت سے متعلق سیاسی معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ اپنے فیصلے پر قائم رہنا چاہتا ہے، جس کے باعث ایشیا کپ کی ٹرافی ایک بار پھر کرکٹ کے بجائے سیاسی تنازع کا مرکز بن گئی۔