حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ایران کی امریکا کو کھلی دھمکی، ’جنگی جہاز 100 کلومیٹر کے اندر آیا تو جواب دیں گے، پاسداران انقلاب Home / بین الاقوامی /

ایران کی امریکا کو کھلی دھمکی، ’جنگی جہاز 100 کلومیٹر کے اندر آیا تو جواب دیں گے، پاسداران انقلاب

ایڈیٹر - 13/09/2026
ایران کی امریکا کو کھلی دھمکی، ’جنگی جہاز 100 کلومیٹر کے اندر آیا تو جواب دیں گے، پاسداران انقلاب

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): ایران نے امریکا کو آبنائے ہرمز کے قریب جنگی بحری جہاز نہ لانے کی سخت تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکی بحری بیڑہ اس علاقے کی طرف پیش قدمی کرتا ہے تو ایرانی فورسز کی جانب سے فوری ردعمل دیا جائے گا۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ کے نائب سیاسی کمانڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ واشنگٹن آبنائے ہرمز پر کنٹرول رکھتا ہے۔

ایرانی عہدیدار نے کہا کہ اگر امریکا واقعی اس اہم آبی گزرگاہ کو اپنے کنٹرول میں سمجھتا ہے تو اسے چاہیے کہ اپنا کوئی جنگی جہاز آبنائے ہرمز سے 100 کلومیٹر کے اندر لاکر دکھائے۔ ان کے بقول امریکی فوج بخوبی جانتی ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے والے کسی بھی بحری جہاز کو ایرانی فورسز کی جانب سے ردعمل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ دنوں میں ایسے واقعات پیش بھی آچکے ہیں، تاہم ایران آبنائے ہرمز کے حوالے سے اپنی دفاعی پوزیشن پر بدستور قائم ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور عالمی سطح پر تیل و گیس کی ترسیل کے لیے اس کی غیر معمولی اہمیت ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث اس آبی گزرگاہ میں بحری نقل و حرکت اور سلامتی کی صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے۔