حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
نئے صوبوں پر جے یو آئی کا بڑا اجلاس طلب، فضل الرحمان نے اہم فیصلہ کرلیا Home / سیاست /

نئے صوبوں پر جے یو آئی کا بڑا اجلاس طلب، فضل الرحمان نے اہم فیصلہ کرلیا

ایڈیٹر - 13/09/2026
نئے صوبوں پر جے یو آئی کا بڑا اجلاس طلب، فضل الرحمان نے اہم فیصلہ کرلیا

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): جمعیت علمائے اسلام نے ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر اپنی جماعتی پالیسی طے کرنے کے لیے مرکزی مجلس عمومی کا اجلاس طلب کرلیا۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت مرکزی مجلس عمومی کا اجلاس 19 اور 20 ستمبر کو پشاور میں ہوگا، جس میں ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صوبائی تنظیموں کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور انتخابی حکمت عملی سے متعلق امور زیرغور آئیں گے۔

اسلم غوری کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا، جبکہ ملکی سیاسی حالات کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مرکزی مجلس عمومی کے اجلاس میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی جائے گی اور جماعت کی آئندہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔