حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اے این پی کا اصولی سیاست پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان، ایمل ولی کے مؤقف کی حمایت Home / سیاست /

اے این پی کا اصولی سیاست پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان، ایمل ولی کے مؤقف کی حمایت

ایڈیٹر - 10/09/2026
اے این پی کا اصولی سیاست پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان، ایمل ولی کے مؤقف کی حمایت

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پارٹی اپنے سیاسی نظریے، قومی حقوق اور جمہوری اصولوں پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی اور سینیٹر ایمل ولی خان کی قیادت میں یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اپنے بیان میں میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ ایمل ولی خان پارلیمان میں آئین کی بالادستی، جمہوریت، امن، عوامی اختیار اور پختونخوا کے حقوق کے لیے مؤثر آواز اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی ماحول میں سیاست کو ذاتی مفادات، اقتدار کے حصول اور وقتی مصلحتوں تک محدود کرنے کے رجحان کے برعکس عوامی نیشنل پارٹی اپنے نظریاتی مؤقف پر قائم ہے۔ ان کے بقول پارٹی نہ سیاسی دباؤ قبول کرے گی اور نہ اصولوں سے انحراف کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ پختونخوا کے عوام طویل عرصے سے دہشت گردی، بدامنی، وسائل کی کمی اور سیاسی بے اختیاری جیسے مسائل کا سامنا کرتے آئے ہیں، اس لیے صوبے کے حقوق کے لیے پارلیمان کے اندر آواز اٹھانا تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمل ولی خان اسی ذمہ داری کو بھرپور انداز میں نبھا رہے ہیں اور عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے عوام کے آئینی، سیاسی اور جمہوری حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

صوبائی صدر نے واضح کیا کہ اے این پی کی سیاست کسی ایک شخصیت کی مخالفت یا حمایت تک محدود نہیں بلکہ ایک طویل سیاسی جدوجہد کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ باچا خان کے سیاسی فلسفے سے وابستہ جماعت نے اپنی طویل تاریخ میں امن، عدم تشدد، جمہوریت، قوموں کے حقوق اور سماجی انصاف کے لیے جدوجہد کی ہے اور اس مقصد کے لیے قربانیاں بھی دی ہیں۔

میاں افتخار حسین کے مطابق ایمل ولی خان اسی سیاسی ورثے کو موجودہ حالات اور دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے اٹھنے والی ہر آواز کی حمایت جاری رکھے گی۔