رپورٹ : محمد عاصم
باجوڑ میں فلاحی تنظیم سی وی این (کمیونٹی والنٹیئر نیٹ ورک) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی سی وی این کپ کرکٹ لیگ 2025 کا شاندار، پُرامن اور یادگار اختتام ہو گیا۔ فائنل میچ باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں سلارزئی زلمی اور ایس ٹی ایگل کے درمیان کھیلا گیا۔
سلارزئی زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 204 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے اوپنر اور مڈل آرڈر بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ جواب میں ایس ٹی ایگل کے بلے بازوں نے پراعتماد اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔ انہوں نے بہترین شراکت داری کے ساتھ ہدف کا تعاقب کیا اور صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنا کر فائنل میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔
اس جیت کے ساتھ ایس ٹی ایگل نے سی وی این کپ کرکٹ لیگ 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں اور منتظمین کو کامیاب ایونٹ پر مبارکباد دی۔
تقریب کے دوران فاتح ٹیم ایس ٹی ایگل کو تین لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا، جبکہ رنر اپ ٹیم سلارزئی زلمی کو دو لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے دوران شاندارکارکردگی پر زید احمد باجوڑی کو ''ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی'' قرار دیا گیا، جبکہ پلئیر آف دی لیگ کو بھی ایک لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔
سپورٹس مین اسپرٹ کو فروغ دینے کے لیے سی وی این کمیٹی کے سینئر رکن محمد اسماعیل کی خدمات کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے تمام میچوں میں ایمپائرنگ کے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دیے۔سابق رکن اسمبلی سراج الدین خان کی جانب سے افتتاحی تقریب میں محمد اسماعیل کے لیے عمرہ کرانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے فائنل تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے محمد اسماعیل کو عمرے کا چیک اسٹیج پر دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سی وی این کرکٹ لیگ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانے، امن کا فروغ اور باجوڑ میں بھائی چارے کی فضا پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ایم پی اے نثار باز خان نے بھی کہا کہ سی وی این کی ٹیم نے مثالی انداز میں کھیل اور فلاح کو جوڑا ہے، یہ ایونٹ نوجوانوں کے لیے ایک مشعل راہ ہے۔سی وی این کپ نہ صرف ایک کھیل کا میدان تھا بلکہ یہ اتحاد، نظم و ضبط، خیرسگالی اور فلاحی شعور بیدار کرنے کی ایک عملی مثال بھی تھی۔سی وی این ایک مقامی فلاحی تنظیم ہے جو یتیم، غریب اور مستحق بچوں کی مدد، تعلیم و صحت کی فراہمی اور شعور بیداری کے لیے سرگرم ہے۔