حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
حوثیوں کا باب المندب کے قریب اہم ساحلی شہر پر قبضہ، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی Home / بین الاقوامی /

حوثیوں کا باب المندب کے قریب اہم ساحلی شہر پر قبضہ، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

ایڈیٹر - 10/09/2026
حوثیوں کا باب المندب کے قریب اہم ساحلی شہر پر قبضہ، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):  یمن میں حوثی جنگجوؤں نے بحیرہ احمر کے ساحلی شہر موخا کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جس کے بعد باب المندب کے قریب ان کی پوزیشن مزید مضبوط ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یمنی حکومت سے وابستہ 3 ذرائع نے موخا پر حوثیوں کے قبضے کی تصدیق کی ہے۔ باب المندب کے نزدیک واقع یہ شہر تزویراتی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اور اس پر کنٹرول حوثیوں کو بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں نمایاں برتری فراہم کرسکتا ہے۔

یمنی ذرائع کے مطابق حوثی فورسز موخا کے علاوہ ذباب اور باب المندب سے متصل دیگر ساحلی علاقوں میں بھی اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ حوثیوں کا پہلے ہی یمن کے گنجان آباد شمالی حصے کے بڑے علاقے پر کنٹرول ہے۔

دوسری جانب حوثیوں کی خبر رساں ایجنسی صبا نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فورسز نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبوں تعز، حدیدہ، الجوف اور مارب میں تقریباً 40 فضائی حملے کیے۔ حوثی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں سعودی عرب کے خلاف ان کی جانب سے کیے گئے حملوں کے بعد کی گئیں۔

باب المندب بحیرہ احمر کے جنوبی سرے پر واقع ایک اہم بحری راستہ ہے، جو یمن کو افریقی ممالک جبوتی اور اریٹیریا سے جدا کرتا ہے۔ خلیجی خطے سے یورپ جانے والے تیل، توانائی کے وسائل اور دیگر تجارتی سامان کی ترسیل میں اس گزرگاہ کا مرکزی کردار ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر حوثی باب المندب کے راستے پر مؤثر کنٹرول قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے تو اس کے اثرات صرف یمن تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی بحری تجارت اور توانائی کی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

تازہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے خدشات موجود ہیں۔ یمن میں حوثیوں کی نئی پیش قدمی سے طویل عرصے سے جاری تنازع دوبارہ بڑے پیمانے کی جنگ میں تبدیل ہونے اور بحیرہ احمر کی اہم تجارتی گزرگاہ میں کشیدگی مزید بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔