حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پنجاب حکومت نے طلبہ کے لیے وزیراعلیٰ ای بائیک اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا، جس کے تحت صرف 2 روز کے دوران 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ رجسٹریشن کراچکے ہیں، جبکہ 1 لاکھ 8 ہزار سے زائد درخواستیں بھی جمع ہوچکی ہیں۔
حکام کے مطابق اسکیم کے لیے مزید 2 لاکھ 65 ہزار طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ طلبہ 4 اکتوبر تک آن لائن درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدوار کا پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ سرکاری یا نجی یونیورسٹی اور ڈگری کالج میں باقاعدہ زیر تعلیم طلبہ ہی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال مقرر کی گئی ہے اور اس کے پاس لرنر ڈرائیونگ لائسنس یا موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایک خاندان سے صرف ایک طالب علم کو ای بائیک فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر طلبہ کے لیے ای بائیک کی ڈاؤن پیمنٹ ختم کردی گئی ہے، جبکہ حکومت بائیک پر عائد سود اور انشورنس کی رقم بھی خود ادا کرے گی۔ اسکیم کے تحت کامیاب طلبہ کو ماہانہ 3028 روپے کی قسط ادا کرنا ہوگی۔
حکومت کی جانب سے ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور حفاظتی راڈ بھی فراہم کیا جائے گا، جبکہ طلبہ کو موٹرسائیکل کے استعمال اور حفاظت سے متعلق 2 روزہ تربیت بھی دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ درخواستوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد مستحق طلبہ کو 6 ہفتوں کے اندر ای بائیکس فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔