حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
شمالی کوریا کی جوہری سرگرمیاں تیز، نئی تنصیب کا انکشاف Home / بین الاقوامی /

شمالی کوریا کی جوہری سرگرمیاں تیز، نئی تنصیب کا انکشاف

ایڈیٹر - 10/09/2026
شمالی کوریا کی جوہری سرگرمیاں تیز، نئی تنصیب کا انکشاف

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام میں مزید پیش رفت کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یونگ بیون کے مرکزی جوہری کمپلیکس میں یورینیئم افزودگی کے لیے ایک نئی تنصیب تعمیر کی گئی ہے، جہاں 28 تک سینٹری فیوج کاسکیڈز نصب کیے جاسکتے ہیں۔

عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا نے کانگ سون میں قائم یورینیئم افزودگی مرکز کے توسیع شدہ حصے کو بھی فعال کرنا شروع کردیا ہے، جس سے مختلف مقامات پر اس کے جوہری ڈھانچے میں مسلسل توسیع کے شواہد مل رہے ہیں۔

ادارے نے شمالی کوریا کی ان سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دستیاب شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیانگ یانگ اپنی جوہری تنصیبات کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو 2009 میں شمالی کوریا سے بے دخل کیے جانے کے بعد سے ملک میں دوبارہ رسائی نہیں مل سکی، جس کے باعث ادارہ وہاں کی جوہری سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے بنیادی طور پر سیٹلائٹ تصاویر اور دیگر دستیاب معلومات پر انحصار کرتا ہے۔

عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے رواں ہفتے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کا مسلسل جاری رہنا اور اس میں توسیع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اس سے قبل اپریل میں بھی عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے شمالی کوریا کی جانب سے جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت میں اضافے کے شواہد سامنے آنے کی نشاندہی کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کی کمزور معاشی صورتحال کے باوجود اس کی قیادت جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے۔ جوہری پھیلاؤ کی روک تھام سے متعلق ایک تحقیقی ادارے کی 2022 کی رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ شمالی کوریا اس مقصد کے لیے سالانہ تقریباً 64 کروڑ ڈالر خرچ کرتا ہے۔

شمالی کوریا اب تک 6 جوہری تجربات کرچکا ہے، جن میں آخری تجربہ ستمبر 2017 میں کیا گیا تھا۔ پیانگ یانگ نے 2022 میں باضابطہ طور پر خود کو جوہری طاقت قرار دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ وہ اپنے جوہری ہتھیاروں سے دستبردار نہیں ہوگا۔