حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے موجودہ 4 صوبوں کے ساتھ ہی متحد اور قائم رہے گا۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ یوم شہدا، یوم فضائیہ اور سلام پاکستان کی تقریبات بھرپور انداز میں جاری ہیں، جن کے ذریعے ملک کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان کے قیام میں بنیادی کردار ادا کرنے والے بانی صوبوں میں شامل ہے، اس لیے ملک کی موجودہ صوبائی ساخت برقرار رہنی چاہیے۔
مراد علی شاہ نے صوبائی بلدیاتی نظام کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں اس نوعیت کا بلدیاتی نظام صرف سندھ میں فعال ہے اور دیگر صوبوں میں ایسا نظام موجود نہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی مراد علی شاہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق وزیر داخلہ محسن نقوی کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے پرانا مؤقف قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مزید صوبے بنانے کی گنجائش نہیں۔