حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ضلعی انتظامیہ ہنگو کے زیر اہتمام ہنگو میں 53 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد Home / لائف سٹائل /

ضلعی انتظامیہ ہنگو کے زیر اہتمام ہنگو میں 53 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد

ضلعی انتظامیہ ہنگو کے زیر اہتمام ہنگو میں 53 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا انعقاد

   ضلعی انتظامیہ ہنگو کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کونسل کے تعاون سے ضلع ہنگو کی تاریخ میں پہلی بار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی فلاحی وژن کے تحت 53 نوبیاہتا جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی ایک شاندار اور بابرکت تقریب کوہاٹ یونیورسٹی کیمپس ہنگو میں منعقد کی گئی جس کا مقصد معاشرے کے مستحق اور نادار طبقے کو عملی سہارا دینا اور باوقار ازدواجی زندگی کا آغاز ممکن بنانا ہے۔

 تقریب میں ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر، اسسٹنٹ کمشنر ہنگو اسفندیار خالد، ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کونسل کے چیئرمین ابراہیم بنگش، ضلعی انتظامیہ کے افسران، ویلج سیکرٹریز اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ہنگو اور ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کونسل کے چیئرمین نے نوبیاہتا جوڑوں میں دو، دو لاکھ روپے مالیت کے چیکس بھی تقسیم کئے جو محکمہ زکوٰۃ و عشر کی جانب سے بطور جہیز فنڈ فراہم کئے گئے تھے تاکہ یہ جوڑے اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز عزت اور اعتماد کے ساتھ کر سکیں۔

ڈپٹی کمشنر ہنگو نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ اسلامی معاشرتی اقدار کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں. 

ڈپٹی کمشنر ہنگو نے چیئرمین ڈسٹرکٹ زکوٰۃ کونسل ابراہیم بنگش کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ  ان کی قیادت میں زکوٰۃ کونسل نے نہایت قلیل وقت میں اس کام کو سرانجام دیا۔ اُن کی بے لوث محنت اور مؤثر سکروٹنی کے باعث 53 مستحق جوڑوں کو باوقار ازدواجی زندگی کے آغاز کیلئے مالی معاونت مہیا کی گئی۔چیئرمین زکوٰۃ کونسل کی شبانہ روز محنت سے نہ صرف اجتماعی شادیوں کی کامیاب تقریب ممکن ہوئی بلکہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولیات اور دیگر فلاحی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملی۔ جن علاقوں میں پہلے زکوٰۃ فنڈز سے عوام ناآشنا تھے، وہاں بھی شفافیت اور خدمت کے جذبے کے تحت ریلیف پہنچایا گیا۔ آخر میں تمام نوبیاہتا جوڑوں کو دلی مبارکباد پیش کی گئی اور ان کیلئے ایک خوشحال، پُرامن اور بابرکت ازدواجی زندگی کی دعا کی گئی۔