حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): قطر نے ایران کے ساتھ حالیہ جنگ کو خلیجی ممالک کے لیے اہم سیکیورٹی سبق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی ریاستوں کو اپنے دفاع کے لیے صرف امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ابوظبی میں منعقدہ ہیلی فورم کے ایک پینل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک کی سلامتی کے لیے امریکا کے ساتھ دفاعی اور اسٹریٹجک تعلقات اپنی اہمیت رکھتے ہیں، تاہم صرف بیرونی طاقتوں پر انحصار خطے کو مکمل تحفظ فراہم نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ نے واضح کردیا ہے کہ خلیجی ریاستوں کو اپنی دفاعی اور سیکیورٹی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنا ہوگا تاکہ وہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کا زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکیں۔
ماجد الانصاری کے مطابق مستقبل میں خلیجی ممالک کو سیکیورٹی کے شعبے میں خود انحصاری بڑھانے کے ساتھ ساتھ مقامی اور علاقائی سطح پر دفاعی تعاون کو بھی مضبوط بنانا ہوگا۔
قطری عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ موجود دفاعی شراکت داری برقرار رہنی چاہیے، تاہم خلیجی ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی سیکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل اور علاقائی صلاحیتوں کو بھی فروغ دیں۔
ماجد الانصاری کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث خلیج میں سیکیورٹی، بحری تجارت اور علاقائی استحکام سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ خطے کی سلامتی کے لیے بیرونی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کے علاوہ خلیجی ممالک کے درمیان باہمی تعاون، مشترکہ دفاعی صلاحیت اور خود انحصاری بھی مستقبل کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہونی چاہیے۔