حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان 23 سال کے طویل وقفے کے بعد جنوبی ایشیائی کھیلوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے، جبکہ بھارت نے بھی آئندہ مقابلوں میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے پاکستانی میزبانی میں کھیلوں کا حصہ بننے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
جنوبی ایشیائی اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی، جہاں پاکستان میں ہونے والے سیف گیمز میں بھارتی دستے کی شرکت کے معاملے پر مثبت پیش رفت سامنے آئی۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے اپریل 2027 میں پاکستان میں منعقد ہونے والے سیف گیمز میں شرکت کے لیے باضابطہ رضامندی ظاہر کردی ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے بھی بھارت کی جانب سے کھیلوں میں شرکت پر آمادگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیائی اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھارتی نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت کی حامی بھری۔
سیف گیمز کے دوران اسلام آباد میں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ مجموعی طور پر 15 کھیلوں کو مقابلوں کا حصہ بنایا گیا ہے، جن میں اسکواش، ٹینس اور مارشل آرٹس سمیت دیگر کھیل شامل ہیں۔
23 سال بعد پاکستان میں جنوبی ایشیائی سطح کے ان بڑے کھیلوں کے انعقاد اور بھارت کی شرکت پر آمادگی کو خطے میں کھیلوں کے فروغ اور دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کے درمیان رابطوں کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔