حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستانی باڈی بلڈر محمد حمزہ راجا نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے مسٹر یونیورس چیمپیئن شپ میں مینز فیزیک کیٹیگری کا گولڈ میڈل جیتنے کے ساتھ مجموعی چیمپیئن کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔
سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والی مسٹر یونیورس چیمپیئن شپ میں دنیا کے 26 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس نے شرکت کی، جہاں محمد حمزہ راجا نے شاندار جسمانی ساخت اور بہترین تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز فیزیک کیٹیگری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
تاریخی کامیابی کے ساتھ محمد حمزہ راجا نے آئی ایف بی بی پرو کارڈ بھی حاصل کرلیا۔ وہ پاکستان کے پہلے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ایک ہی بین الاقوامی مقابلے میں مینز فیزیک کیٹیگری کا مجموعی ٹائٹل اور پرو کارڈ بیک وقت حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
واپڈا اسپورٹس بورڈ کے ترجمان کے مطابق محمد حمزہ راجا کی کامیابی پاکستان اور واپڈا دونوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔ بورڈ نے قومی ایتھلیٹ کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت اور صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
واپڈا اسپورٹس بورڈ نے اس موقع پر کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ترجمان کے مطابق واپڈا قومی کھلاڑیوں کو ملکی اور عالمی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کرنے اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔
محمد حمزہ راجا کی یہ کامیابی پاکستانی باڈی بلڈنگ کے لیے بھی ایک اہم سنگِ میل قرار دی جارہی ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے باڈی بلڈنگ ٹیلنٹ کو مزید شناخت ملنے کی توقع ہے۔