حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خواجہ آصف کے بیان پر شرجیل میمن کا سخت ردعمل، سندھ کو ’قربانی کا بکرا‘ بنانے سے گریز کا مطالبہ Home / سیاست /

خواجہ آصف کے بیان پر شرجیل میمن کا سخت ردعمل، سندھ کو ’قربانی کا بکرا‘ بنانے سے گریز کا مطالبہ

ایڈیٹر - 06/09/2026
خواجہ آصف کے بیان پر شرجیل میمن کا سخت ردعمل، سندھ کو ’قربانی کا بکرا‘ بنانے سے گریز کا مطالبہ

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنے سیاسی اتحادیوں کو خوش کرنے کے لیے سندھ کے مفادات کو نظرانداز کرنے سے گریز کرے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب اسمبلی سرائیکی صوبے کے قیام کے حق میں 2 مرتبہ قرارداد منظور کرچکی ہے، جبکہ سندھ اسمبلی صوبے کی حدود میں مزید صوبوں کے قیام کی مخالفت میں 8 مرتبہ اپنی قراردادیں منظور کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اتحادیوں کے ساتھ معاملات طے کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم سندھ کو سیاسی مفادات کی خاطر نشانہ بنانا یا قربانی کا بکرا بنانا کسی صورت مناسب نہیں۔

خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کی پالیسی پر سوال اٹھا دیا تھا

واضح رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں پیپلز پارٹی پر دوہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کیا تھا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سرائیکی صوبے کے قیام کی حمایت کرتی ہے، تاہم جب انتظامی یونٹس کے معاملے پر سندھ کی بات آتی ہے تو پارٹی کی جانب سے سندھو دیش کا مؤقف سامنے آنا شروع ہوجاتا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کی اس مبینہ دو رخی پالیسی کی مناسب وقت آنے پر تفصیل سے وضاحت کی جائے گی۔

خواجہ آصف کے اس مؤقف پر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سندھ سے متعلق فیصلے اور صوبے کے مستقبل کا معاملہ سیاسی مصلحتوں کے بجائے سندھ کے عوام کے مؤقف اور صوبائی اسمبلی کی قراردادوں کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے۔