حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
عمران خان کے شمولیت کے بغیر نئے صوبوں کا تصور ممکن نہیں، پنجاب حکومت سے استعفے کا مطالبہ۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر Home / سیاست /

عمران خان کے شمولیت کے بغیر نئے صوبوں کا تصور ممکن نہیں، پنجاب حکومت سے استعفے کا مطالبہ۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر

ایڈیٹر - 05/09/2026
عمران خان کے شمولیت کے بغیر نئے صوبوں کا تصور ممکن نہیں، پنجاب حکومت سے استعفے کا مطالبہ۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شمولیت اور مشاورت کے بغیر ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کا کوئی بھی تصور ادھورا ہے۔ لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ ملک کی تمام صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے سنجیدہ بحث ہونی چاہیے، تاہم اس عمل میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت کے بانی کو شامل رکھنا ناگزیر ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے ملکی عدالتی نظام اور پی ٹی آئی کے خلاف جاری سیاسی انتقامی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک میں انصاف کا نظام شفاف اور درست خطوط پر استوار ہوتا تو بانی پی ٹی آئی کو کب کا قانونی ریلیف مل چکا ہوتا۔ انہوں نے موجودہ حکمران اتحاد کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت نے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مکمل طور پر دیوار سے لگا دیا ہے، جو ملکی جمہوریت کے لیے نیک شگون نہیں ہے۔

صوبائی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے اسد عمر نے پنجاب میں جاری حالیہ کسان بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کے معاشی حقوق اور فصلوں کی قیمتوں کے معاملے پر کسان برادری کے ساتھ شدید ناانصافی کی ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو پہنچنے والے نقصان پر پنجاب حکومت کو فوری طور پر کسانوں سے معافی مانگنی چاہیے اور موجودہ صورتحال کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اقتدار سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔