حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
راولپنڈی میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، نالہ لئی خطرناک حد تک بھر گیا، آبادیوں کو انخلا کا حکم Home / ماحولیات /

راولپنڈی میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، نالہ لئی خطرناک حد تک بھر گیا، آبادیوں کو انخلا کا حکم

ایڈیٹر - 01/09/2026
راولپنڈی میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، نالہ لئی خطرناک حد تک بھر گیا، آبادیوں کو انخلا کا حکم

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک):راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات گئے ہونے والی شدید بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی گھروں اور سڑکوں میں داخل ہوگیا، جبکہ شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر راولپنڈی کے سٹی علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوا جو صبح 8 بجے تک جاری رہا۔ طوفانی بارش کے باعث مختلف شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا، جس سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کے مطابق شہر میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو گزشتہ 3 سال کے دوران ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شدید بارش کا سب سے زیادہ دباؤ نالہ لئی پر پڑا، جہاں ملحقہ نالوں میں بیک فلو کے باعث پانی آبادیوں کی جانب آنے لگا۔ انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور امید ہے کہ پانی کی سطح کم ہوتے ہی نشیبی علاقوں سے بھی پانی کی نکاسی شروع ہوجائے گی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جس کے باعث گوالمنڈی سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی صورتحال متاثر ہوئی۔ کٹاریاں میں پانی کی سطح 29 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر 24 فٹ ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نالہ لئی میں پانی خطرناک حد سے تجاوز کرچکا ہے، جس کے پیش نظر اس کے اطراف میں واقع آبادیوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں سے شہریوں کے انخلا کے لیے ٹیمیں بھی روانہ کردی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پاک فوج، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ پاک فوج کے دستے نالہ لئی اور گوالمنڈی کے اطراف کے حساس علاقوں میں تعینات کردیئے گئے ہیں۔

ان کے مطابق اب تک ضلعی انتظامیہ کو 2 ہنگامی کالز موصول ہوئی ہیں جبکہ جہاں پانی جمع ہوا ہے وہاں نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔ انتظامیہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب شدید بارش اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث راولپنڈی کے سٹی علاقوں میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق بچوں کو اسکول آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا تھا، جس کے پیش نظر تعطیل کا فیصلہ کیا گیا۔