حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
انگلینڈ میں پاکستانی بیٹنگ فلاپ، رضوان اور امام الحق ٹیم سے باہر، 6 کھلاڑی طلب Home / کھیل /

انگلینڈ میں پاکستانی بیٹنگ فلاپ، رضوان اور امام الحق ٹیم سے باہر، 6 کھلاڑی طلب

ایڈیٹر - 31/08/2026
انگلینڈ میں پاکستانی بیٹنگ فلاپ، رضوان اور امام الحق ٹیم سے باہر، 6 کھلاڑی طلب

 

ویب ڈیسک

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی مسلسل ناقص بیٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر اسکواڈ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت محمد رضوان اور امام الحق کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ اور توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے پر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے، جبکہ امام الحق کی انجری سے متعلق بھی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں امام الحق بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں اترے، تاہم انہیں گراؤنڈ میں پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس صورتحال نے ان کی انجری سے متعلق سوالات کو جنم دیا، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاملے کی چھان بین کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب ٹیم میں فوری تبدیلیوں کے تحت صائم ایوب، عبداللہ فضل اور عرفات منہاس سمیت 6 کھلاڑیوں کو انگلینڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کا مقصد قومی ٹیم کی کمزور بیٹنگ لائن کو تقویت دینا اور سیریز کے آخری ٹیسٹ میں بہتر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ 9 ستمبر سے شروع ہوگا، جس سے قبل قومی اسکواڈ میں مزید ردوبدل کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق انگلینڈ کے دورے میں قومی ٹیم کی مسلسل مایوس کن بیٹنگ نے ٹیم مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو سخت فیصلے لینے پر مجبور کردیا ہے۔

تاہم نئے اسکواڈ اور آخری ٹیسٹ کی حتمی پلیئنگ الیون سے متعلق فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوگا۔