حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبر پختونخوا: بالائی اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے کا شدید خطرہ، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا Home / ماحولیات /

خیبر پختونخوا: بالائی اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے کا شدید خطرہ، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا

ایڈیٹر - 31/08/2026
خیبر پختونخوا: بالائی اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے کا شدید خطرہ، پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا

پشاور (  حسبان میڈیا) – پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے صوبے کے بالائی اضلاع میں شدید گرمی اور غیر متوقع موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئرز پگھلنے کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمے کے مطابق بالائی علاقوں میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) سے اچانک طوفانی سیلاب اور دریاؤں میں تیز پانی کے بہاؤ کا شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، گرمی کی شدت اور 31 اگست سے 4 ستمبر تک متوقع وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔ اس صورتحال سے گلیشیئرز کے پگھلنے سے بننے والی قدرتی جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کا امکان ہے، جو ارد گرد کی آبادیوں کے لیے شدید خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

ممکنہ آفات سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، کوہستان بالا، کوہستان زیریں اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مراسلہ جاری کرتے ہوئے الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے حساس مقامات اور دریاؤں کے کنارے آباد آبادیوں کے ہنگامی انخلا (Evacuation) کے لیے فرضی مشقیں کی جائیں اور مقامی لوگوں کی منتقلی کے لیے فوری طور پر محفوظ مقامات اور ریلیف کیمپس تیار رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔