حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی، ہاکی ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل Home / کھیل /

سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی، ہاکی ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل

ایڈیٹر - 29/08/2026
سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی، ہاکی ورلڈ کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل

حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): 4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دے کر عالمی کپ میں اپنے سفر کا اختتام 11ویں پوزیشن پر کردیا۔

ایمسٹلوین میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 11ویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ وقت تک مقابلہ 4-4 گول سے برابر رہا۔

جنوبی افریقا نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری حاصل کرلی، جبکہ دوسرے کوارٹر میں ایک اور گول داغ کر اپنی برتری 0-2 کردی۔

دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد پاکستانی ٹیم نے شاندار واپسی کی۔ افراز نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول کرکے خسارہ کم کیا، جس کے بعد محمد حماد نے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔

ہاف ٹائم تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر رہا، تاہم تیسرے کوارٹر کے آغاز میں ہی پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سبقت حاصل کرلی۔ کپتان رانا وحید نے خوبصورت گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلائی۔

جنوبی افریقا نے بھی ہمت نہ ہاری اور تقریباً 8 منٹ بعد گول کرکے مقابلہ ایک مرتبہ پھر 3-3 سے برابر کردیا۔ میچ اختتامی مرحلے میں داخل ہوا تو جنوبی افریقا نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے 4-3 کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کو آخری لمحات میں شکست کا سامنا دکھائی دے رہا تھا، تاہم حماد الدین نے کھیل کے آخری سیکنڈز میں شاندار گول کرکے مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا اور میچ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ تک پہنچا دیا۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جنوبی افریقا کو 3-4 سے شکست دے دی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے عالمی ہاکی کپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے اپنے سفر کا اختتام فتح کے ساتھ کیا۔

پاکستانی ٹیم نے عالمی کپ میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، جن میں 2 میں کامیابی حاصل کی، 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ برابر رہا۔