حسبان میڈیا (ویب ڈیسک): پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں کے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی تمام تر توجہ کرکٹ اور جاری ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہے۔
لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر کیا گیا، جو سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کیا تھا۔
اس انٹرویو کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نشریات پر تحفظات کا اظہار کیا، جبکہ وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کی میدان میں واپسی سے متعلق بھی مختلف قیاس آرائیاں کی گئیں۔
تاہم دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ انہیں اس معاملے کی کوئی معلومات نہیں اور وہ اس بات سے بھی آگاہ نہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کرکٹ حکام سے اس حوالے سے کوئی شکایت کی ہے۔
ہیڈ کوچ کے مطابق کھلاڑی وقفے کے بعد معمول کے مطابق دوبارہ میدان میں اترنے کی تیاری کر رہے تھے، اس لیے انٹرویو کی وجہ سے ٹیم کی واپسی میں نہ کوئی رکاوٹ پیدا ہوئی اور نہ ہی تاخیر ہوئی۔
سرفراز احمد نے ٹیم کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، لیکن بطور ہیڈ کوچ وہ تمام ذمہ داری کھلاڑیوں پر عائد نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی اپنی ٹیم ہے اور ملک کے بہترین کھلاڑی اس کا حصہ ہیں، اس لیے مشکل وقت میں انہیں کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد رضوان، سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے ماضی میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے، اگرچہ موجودہ میچ میں وہ رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہورہے۔
سرفراز احمد کے مطابق سیریز مکمل ہونے کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، کھلاڑیوں سے بات چیت ہوگی اور اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ مستقبل میں کن کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ برقرار رکھا جائے اور کنہیں باہر کیا جائے۔