ایم این اے مبارک زیب خان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے ڈیزاسٹرز شہزاد خرم سے ملاقات
رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان نے لیبیا میں کشتی الٹنے کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس سانحے پر فوری اقدامات کرتے ہوئے، انہوں نے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کیا، جس میں جاں بحق افراد کی میتوں کو پاکستان منتقل کرنے کی درخواست کی گئی۔
اس سلسلے میں ایم این اے مبارک زیب خان نے وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے ڈیزاسٹرز شہزاد خرم سے ملاقات کی، جنہوں نے فوری طور پر لیبیا میں تعینات پاکستانی سفیر سے ان کی بات کرائی۔ دوران گفتگو، سفیر نے حادثے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے میتوں کی منتقلی کے عمل سے متعلق مکمل آگاہی دی۔
اطلاعات کے مطابق، اس حادثے میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 16 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں بدقسمتی سے باجوڑ سے ایک، پشاور سے ایک اور کرم سے چودہ افراد شامل ہیں۔ یہ سانحہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔
مبارک زیب خان نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جاں بحق افراد کی میتوں کو جلد از جلد وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔