حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
کالام کرکٹ اسٹیڈیم: 5 سال بعد بھی منصوبہ مکمل نہ ہوسکا Home / کھیل /

کالام کرکٹ اسٹیڈیم: 5 سال بعد بھی منصوبہ مکمل نہ ہوسکا

ایڈیٹر - 27/08/2026
کالام کرکٹ اسٹیڈیم: 5 سال بعد بھی منصوبہ مکمل نہ ہوسکا

خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام کالام میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ پانچ سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکا۔

سرکاری ترقیاتی ریکارڈ کے مطابق کالام کرکٹ اسٹیڈیم کا منصوبہ 2021 میں تقریباً 2 ارب 46 کروڑ 71 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کیا گیا تھا۔ جون 2025 تک منصوبے پر 2 ارب 10 کروڑ 92 لاکھ روپے خرچ ہونے کا اندراج موجود ہے، جبکہ تقریباً 35 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم ابھی باقی ظاہر کی گئی ہے۔

دستیاب سرکاری ریکارڈ کے مطابق منصوبے میں تقریباً 2 ارب روپے زمین کی خریداری کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ دوسری جانب منصوبے کے تعمیراتی ٹھیکے سے متعلق ایک کمپنی کے اپنے پروجیکٹ ریکارڈ میں کنٹریکٹ ویلیو تقریباً 44 کروڑ 31 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔

ریکارڈ کے مطابق منصوبے کا ورک آرڈر جاری ہونے اور تعمیراتی ٹھیکہ دیے جانے کے باوجود اس کی تکمیل مقررہ مدت میں نہیں ہوسکی۔ 2024-25 میں منصوبے کے لیے 10 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا، تاہم نظرثانی شدہ تخمینے میں یہ رقم کم ہو کر صرف 10 لاکھ روپے رہ گئی، جبکہ 2025-26 میں صرف ایک ہزار روپے مختص کیے گئے۔

اب 2026-27 کے ترقیاتی بجٹ میں منصوبے کے لیے تقریباً 35 کروڑ 80 لاکھ روپے دوبارہ مختص کیے گئے ہیں۔

کالام کرکٹ اسٹیڈیم منصوبے پر اہم سوالات بدستور موجود ہیں: پانچ سال میں منصوبہ مکمل کیوں نہیں ہوا؟ زمین کی خریداری پر کتنی رقم ادا کی گئی؟ تعمیراتی کام پر اب تک کتنی رقم خرچ ہوئی؟ ٹھیکیدار کو کتنی ادائیگیاں کی گئیں؟ منصوبے کی تکمیل کی اصل تاریخ کیا تھی اور اس میں کتنی مرتبہ توسیع دی گئی؟

ان سوالات کے جوابات کے لیے منصوبے کے اصل PC-I، زمین کی خریداری کے ریکارڈ، ورک آرڈر، کنٹریکٹ، ادائیگیوں اور موجودہ فزیکل پروگریس کا ریکارڈ سامنے آنا ضروری ہے۔