حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے جاری،جب دنیا بھر میں حالات خراب تھے مریم نواز نے 11 ارن کا جہاز خریدا، حافظ نعیم Home / سیاست /

مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے جاری،جب دنیا بھر میں حالات خراب تھے مریم نواز نے 11 ارن کا جہاز خریدا، حافظ نعیم

ایڈیٹر - 26/08/2026
مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے جاری،جب دنیا بھر میں حالات خراب تھے مریم نواز نے 11 ارن کا جہاز خریدا، حافظ نعیم

لاہور: مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں، جبکہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پٹرولیم لیوی ختم کرنے اور عوام کو معاشی مشکلات سے نجات دلانے کا مطالبہ کردیا ہے۔

دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی عیاشیوں کا بوجھ عوام پر منتقل کیا جارہا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ملک معاشی مشکلات سے دوچار ہے، لیکن حکمرانوں نے 11 ارب روپے کا طیارہ خرید لیا۔

امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی احتجاج کو نظر انداز کرنے کے بجائے مذاکرات کی میز پر آئے اور پٹرولیم لیوی ختم کرے۔ ان کے بقول لیوی کے خاتمے کا مطالبہ عوام کا جائز حق ہے اور اب عوام پر مزید معاشی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کا دائرہ مسلسل بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں بھی دھرنا شروع ہوچکا ہے اور وہاں احتجاج تیسرے روز میں داخل ہوگیا ہے۔

انہوں نے حکومتی حلقوں کی جانب سے دھرنوں سے ٹریفک متاثر ہونے کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے ملک کی معیشت کو مشکلات سے دوچار کیا، وہ اب احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی بات کررہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کا تعلیمی نظام شدید متاثر ہوا ہے اور نوجوانوں میں بڑھتی بے چینی کو نظر انداز کرنا حکومت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے چینی کی قیمتوں میں اضافے پر بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور الزام عائد کیا کہ شوگر مافیا کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے وعدوں کے باوجود چینی کی قیمت میں اضافہ عوام کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ مختلف شہروں میں جاری دھرنوں کے باعث حکومت پر عوامی دباؤ میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔