پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب اعلان کردہ لانگ مارچ کی تیاریوں کے دوران شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق صوبائی صدر جنید اکبر نے لانگ مارچ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اوورسیز پاکستانیوں اور صاحبِ استطاعت افراد سے مالی معاونت حاصل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جنید اکبر نے بونیر میں منعقدہ سٹریٹ موومنٹ کے دوران بھی اس بات کا اعادہ کیا تھا۔ پارٹی کی تنظیمی سطح پر ایسے افراد کی نشان دہی شروع کر دی گئی ہے جو لانگ مارچ کے لیے مالی معاونت فراہم کر سکتے ہیں، جبکہ ہر حلقے سے کم از کم 50 لاکھ روپے جمع کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جمع ہونے والی رقم لانگ مارچ کے شرکاء کو اسلام آباد پہنچانے، سفری اخراجات، اور اسلام آباد میں قیام کی صورت میں رہائش و دیگر ضروری اخراجات پر خرچ کی جائے گی۔
پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو حتمی قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں کارکنوں کو متحرک کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی واضح کر چکے ہیں کہ 27 ستمبر کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور وہ خود لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج صرف ایک روزہ سرگرمی تک محدود نہیں ہوگا اور اس میں کئی دن لگ سکتے ہیں، جس کے باعث سفری و انتظامی اخراجات پارٹی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتے ہیں۔